جمعہ 13 نومبر 2026 - 05:15
حضرت فاطمہ زہراؑ کی رضا، اللہ تعالیٰ کی رضا اور آپؑ کی ناراضی، اللہ تعالیٰ کی ناراضی ہے؛ آغا سید مصطفیٰ شاہ

حوزہ/ سکردو میں مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام آغا سید مصطفیٰ شاہ نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی رضا اللہ تعالیٰ کی رضا اور آپؑ کی ناراضی اللہ تعالیٰ کی ناراضی ہے؛ لہٰذا ہر انسان کو اپنے اعمال و کردار کا محاسبہ سیرت و تعلیماتِ زہراؑ کی روشنی میں کرنا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ حجۃ الاسلام آغا سید مصطفیٰ شاہ نے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی رضا و ناراضی، اللہ تعالیٰ کی رضا و ناراضی کا معیار ہے، لہٰذا ہر انسان کو اپنے اعمال و کردار کا محاسبہ اس معیار پر کرنا چاہیے کہ اس کا طرزِ عمل سیرت و تعلیماتِ حضرت زہراؑ کے مطابق ہے یا نہیں۔

شہادتِ حضرت فاطمہ زہراؑ کے ایام کی مناسبت سے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان، بلتستان ریجن کے زیرِ اہتمام مرکزی جامع مسجد سکردو میں منعقدہ پہلی مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیرت و فضائل حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا پر روشنی ڈالی۔ یہ مجلس یکم جمادی الثانی 1448ھ، مطابق 12 نومبر 2026ء کو منعقد ہوئی۔

آغا سید مصطفیٰ شاہ نے پیغمبر اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک حدیثِ مبارکہ بیان کرتے ہوئے کہا: إِنَّ اللّٰهَ يَغْضَبُ لِغَضَبِ فَاطِمَةَ وَيَرْضَى لِرِضَاهَا ترجمہ: بے شک اللہ تعالیٰ حضرت فاطمہؑ کے غضب پر غضب ناک ہوتا ہے اور آپؑ کی رضا پر راضی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حدیثِ مبارکہ سے حضرت فاطمہ زہراؑ کے مقام و منزلت اور آپؑ کی رضا و ناراضی کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ انسان کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی، اعمال اور کردار کا جائزہ لیتے ہوئے یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا اس کا طرزِ عمل حضرت زہراؑ کی تعلیمات اور رضایت کے مطابق ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی عمل سے حضرت فاطمہ زہراؑ کی ناراضی کا سبب پیدا ہو تو اسے معمولی معاملہ نہیں سمجھنا چاہیے، کیونکہ آپؑ کی ناراضی اللہ تعالیٰ کی ناراضی کا باعث ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگی کو سیرت و تعلیماتِ حضرت زہراؑ کے مطابق ڈھالیں اور آپؑ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha